بھٹکل 15/اگست (ایس او نیوز) تعلقہ کے مرڈیشور میں ایک شخص پر حملہ کرنے اور اُسے جان سے مارنے کی دھمکی دینے کے تعلق سے مرڈیشور پولس تھانہ میں شکایت درج کی گئی ہے۔
پولس ذرائع نے بتایا کہ مرڈیشور کے دیوگیری کی رہنے والی سُومیترا منجوناتھ نائک نے پولس تھانہ پہنچ کر شکایت درج کرائی ہے کہ اس کے فرزند 22 سالہ ہائیتیک پر کچھ لوگوں نے حملہ کرکے اُس کی بری طرح پیٹائی کی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ہائیتیک آر این ایس کالج کے قریب اپنی بائک سے گھر جانے کے دوران اچانک ایک کار نے پیچھے سے اس کی بائک کو ٹکر ماردی، جیسے ہی وہ بائک سمیت نیچے گرا، کار پر سوار لوگوں نے ڈنڈوں سے اس کی بری طرح پیٹائی کی اور پھر جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ ماں نے اپنے بیٹے پر ہوئے حملے کو لے کر بتایا کہ کار پر نمبر پلیٹ نہیں تھا، لیکن اس نے پولس کو تین لوگوں درشن نائک، گنیش نائک اور گنیش شیروگار کے نام دینے کے ساتھ ساتھ ان کے ساتھ مزید دیگر لوگ ہونے کی بھی بات کہی ہے۔ حملہ کیوں کیا گیا، اس تعلق سے کوئی جانکاری نہیں مل سکی ہے۔
پتہ چلا ہے کہ ہائیتیک کے سر، پیر اور کان کی طرف شدید چوٹیں آئی ہیں اور اسے قریبی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
مرڈیشور پولس تھانہ میں شکایت درج کی گئی ہے اور پولس معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔